پنجاب:ٹیپا طرز پر ایجنسیوں کا قیام فائلوں تک محدود

پنجاب:ٹیپا طرز پر ایجنسیوں کا قیام فائلوں تک محدود

سڑکوں کے ڈیزائن اور ٹریفک مینجمنٹ پرکوئی نمایاں عملی اقدام سامنے نہیں آ سکا اربن پلاننگ کے اہداف ادھورے، ٹیپا کی تشکیل کیلئے احکامات جاری،حکام

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک کے بڑھتے دباؤ، بے ہنگم شہری پھیلاؤ اور انفراسٹرکچر کے پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے دیگر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں ٹیپا طرز کی ایجنسیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے پیش رفت تاحال ریکارڈ فائلوں تک محدود دکھائی دیتی ہے ۔ذرائع کے مطابق 20ستمبر 2025کو ہونے والے ایک اہم اجلاس میں صوبے کی دیگر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں لاہور کی ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی، یعنی ٹیپا کے ماڈل پر ادارے قائم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی تھی تاکہ شہری ٹرانسپورٹ، سڑکوں کے ڈیزائن اور ٹریفک مینجمنٹ کے معاملات کو ایک مربوط نظام کے تحت چلایا جا سکے ۔اجلاس کے فیصلے کو نو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی نمایاں عملی اقدام سامنے نہیں آ سکا۔ نتیجتاً لاہور آج بھی پنجاب کا واحد بڑا شہر ہے جہاں ٹریفک انجینئرنگ اور ٹرانسپورٹ پلاننگ کے لیے ایک مخصوص ادارہ فعال ہے  ۔ فیصلے پر عملدرآمد میں مسلسل تاخیر کے باعث صوبے کے بڑے شہروں میں شہری انفراسٹرکچر کی ترقی، ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری اور مربوط اربن پلاننگ کے اہداف بدستور ادھورے دکھائی دے رہے ہیں۔ محکمہ ہاؤسنگ کے حکام کاکہنا ہے کہ تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کاٹیپا کی تشکیل کیلئے احکامات صادر کردیئے گئے ، نئی ایجنسیز کی تشکیل کیلئے رولز اینڈ ریگولیشنز کی تیاری آخری مراحل میں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں