چھپائی میں تاخیر:سکولوں کو مفت کتب کی مکمل فراہمی نہ ہوسکی
پبلشرز کو صرف 33 فیصد واجبات ادا کیے جا سکے،بقایا بھی کلیئر ہونگے،پیکٹا حکام
لاہور(خبر نگار)محکمہ خزانہ پنجاب نے مفت درسی کتب کی چھپائی کے واجبات کی ادائیگی کیلئے بھجوائے گئے تقریباً 2 ارب روپے کے بلز پر اعتراض عائد کر دیا، جس کے باعث پبلیشرز کو ادائیگیوں میں مزید تاخیر کا سامنا ہے ۔کتب کی چھپائی میں مزید تاخیر ہونے لگی ، سکولوں کو کتب کی مکمل فراہمی ہو سکی ۔ذرائع کے مطابق مفت درسی کتب کی اشاعت کے واجبات کی ادائیگی کیلئے پیکٹا کی جانب سے محکمہ خزانہ کو درخواست دی گئی تھی، تاہم اعتراض اٹھایا گیا کہ سرکاری سکولوں میں مفت فراہم کی جانے والی درسی کتب کے بلز یا تو پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ جمع کرا سکتا ہے یا متعلقہ ٹھیکیدار براہ راست درخواست دے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے 2ارب روپے کے بلز کی منظوری کیلئے پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ کو باقاعدہ درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ،جبکہ متعلقہ پبلشرز بھی منظوری کے لیے براہ راست بلز جمع کرا سکتے ہیں۔دوسری جانب پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ اب تک پبلشرز کو صرف 33 فیصد واجبات ادا کیے جا سکے ہیں اور بقایاجات بھی جلد کلیئر کر دیے جائیں گے ۔