سرکاری اراضی کی فعالیت ، جوائنٹ وینچر ماڈل کی منظوری
کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی کو بھی نئے پلان میں مرکزی حیثیت حاصل
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں ترقیاتی سرگرمیوں کو نئی سمت دینے اور ادارے کی مالی خود انحصاری بڑھانے کے لیے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایک اہم اور سٹریٹجک فیصلہ کیا ہے ۔ ایل ڈی اے نے اپنی آمدن میں اضافے اور طویل عرصے سے غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کو فعال بنانے کے لیے جوائنٹ وینچر ماڈل متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے ۔اس نئے ماڈل کے تحت ایل ڈی اے اور نجی کمپنیاں مشترکہ طور پر نہ صرف عمارتیں تعمیر کریں گی بلکہ ان مقامات پر کمرشل سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایل ڈی اے میں باقاعدہ طور پر پرائیویٹ سیکٹر کو اس سطح پر ترقیاتی شراکت داری میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے اس جوائنٹ وینچر فریم ورک کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ ، نو سال سے زیر التوا اس منصوبے کے حوالے سے ایک بار پھر پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے ، جہاں اس زمین کو قابل استعمال بنانے کے لیے نجی کمپنیوں سے اظہارِ دلچسپی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کوٹ لکھپت سبزی منڈی کے لیے ماضی میں متعدد منصوبے زیر غور آئے ، جن میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل تھا جو بعد ازاں منسوخ کر دیا گیا۔