سولر توانائی پر مزید ٹیکس عائد نہ کیے جائیں:سولرایسوس ایشن
18فیصد سیلز ٹیکس مسترد:عہدیداران کی لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس
لاہور( کامرس رپورٹر) سورج پر ٹیکس نہ لگاؤ،پاکستان سولر ایسوسی ایشن، لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور صارفین کے نمائندوں کا سولر آلات پر مجوزہ 18 فیصد سیلز ٹیکس مسترد،پاکستان سولر ایسوسی ایشن، لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور سولر صارفین کے نمائندوں نے وفاقی بجٹ 2026-27 میں سولر توانائی کے آلات پر مجوزہ 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سولر توانائی کے شعبے پر مزید ٹیکس عائد نہ کیے جائیں بلکہ صاف، سستی اور ماحول دوست توانائی کے فروغ کے لیے مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔لاہور پریس کلب میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے چیئرمین وقاص موسیٰ، صدر ناصر محمود، وائس چیئرمین شہاب غوری، جنرل سیکرٹری محمد فاروق گجر، لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق وفاقی بجٹ سیکرٹری سعید ایوب اور صارفین کے نمائندوں شاہد عثمان، عامر بٹ اور عمر کھوکھر نے کہا کہ سولر توانائی پاکستان کے توانائی بحران کا ایک کامیاب اور دیرپا حل ثابت ہوئی ہے جس نے لاکھوں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو مہنگی بجلی کے بوجھ سے جزوی نجات دلانے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کو بھی اہم فوائد پہنچائے ہیں۔