کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں : شذرہ منصب
طاقت اور احتجاج سے مطالبات منوانے کا کلچر تبدیل ہونا چاہئے :وزیرمملکت
ننکانہ صاحب (خبر نگار) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور پاکستان نے ہر سطح پر کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے ، طاقت اور احتجاج سے مطالبات منوانے کا کلچر تبدیل ہونا چاہئے ، ننکانہ صاحب میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں سمیت کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات تسلیم کیے اور ان پر عملی اقدامات بھی کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئین اور قانون کے دائرے سے باہر کوئی اقدام نہیں کر سکتی، اسی لیے کمیٹی کو آئینی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے قانون ساز اسمبلی میں بات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
تمام مسائل کا پائیدار حل مذاکرات اور باہمی مشاورت سے ہی ممکن ہے ۔ ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر کی صورتحال کو غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے ، جبکہ وہ مسلسل کشمیری عوام کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے ۔