اعوان ٹاؤن:سیوریج پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا
مون سون بارشوں سے قبل پائپ لائن کی تنصیب مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اعوان ٹاؤن میں سیوریج پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ایم این اے حافظ میاں محمد نعمان نے منصوبے کا افتتاح کیا۔ ایک کروڑ روپے لاگت سے نئی سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے ،صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ اعوان ٹاؤن کی سیوریج لائن کو ملتان روڈ کے مین ٹرنک سیور سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مون سون بارشوں سے قبل پائپ لائن کی تنصیب مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن ہے ۔عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن ہے ۔ ہم اعوان ٹاؤن کا دیرینہ مسئلہ حل کر رہے ہیں۔ ایم این اے حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اعوان ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کے ہزاروں مکین اس منصوبے سے مستفید ہوں گے ،تقریب میں حلقہ کی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور عوامی نمائندوں کا پھولوں سے پرتپاک استقبال کیا۔