ہارٹیکلچر ایجنسی : اشتہارات کے اختیار پر نیا انتظامی تنازع
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں اشتہارات کے اختیار پر ایک نیا انتظامی تنازع سامنے آ گیا ہے جہاں دو اہم سرکاری ادارے اپنے اپنے قانونی دائرہ اختیار کی تشریح پر آمنے سامنے دکھائی دے رہے ہیں۔
معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور نے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو باضابطہ مراسلہ ارسال کرتے ہوئے اشتہارات سے متعلق اختیارات کے حوالے سے اپنی قانونی پوزیشن واضح کر دی۔پی ایچ اے کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہر میں آؤٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ، بل بورڈز، سائن ایجز، تشہیری ڈھانچوں اور شہری خوبصورتی سے متعلق تمام معاملات اس کے ریگولیٹری دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ ادارے نے اس مؤقف کی بنیاد متعلقہ قوانین اور پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کی شقوں پر رکھی ہے ۔