ناقص تفتیش، سب انسپکٹر کی تنزلی، اے ایس آئی کو شوکاز

ناقص تفتیش، سب انسپکٹر کی تنزلی، اے ایس آئی کو شوکاز

انچارج انویسٹی گیشن عمران پاشا کو شوکاز ،ڈی آئی جی کاتھانہ منانواں کادورہ

 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے تھانہ مناواں کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے ریکارڈ، حوالات، مال خانہ اور تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے محرر، ریکارڈ روم اور پولکام آپریٹرز کا ریکارڈ چیک کیا جبکہ تھانے میں موجود سائلین کی شکایات سن کر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے ۔دورے کے دوران ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ریکارڈ کی بروقت تکمیل، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور تفتیشی افسران کی روزانہ مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حوالات میں بند ملزمان سے بھی ان کے مقدمات کے حوالے سے استفسار کیا۔

ناقص سپروائزری اور صفائی کی خراب صورتحال پر انچارج انویسٹی گیشن عمران پاشا کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، جبکہ ریکارڈ کی تکمیل نہ کرنے پر محرر تھانہ عاصم علی کو معطل کرکے انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز کلوز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ سنگین نوعیت کے مقدمے کی ناقص تفتیش اور بروقت تکمیل نہ کرنے پر سب انسپکٹر صابر حسین کی عہدہ تنزلی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ۔ اسی طرح تفتیشی روم کی ناقص صفائی پر اے ایس آئی مظفر حسین کو شوکاز نوٹس دیا گیا۔سید ذیشان رضا نے مدعیانِ مقدمات سے رابطہ نہ رکھنے والے متعدد تفتیشی افسران کی سرزنش کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں