غیر ملکی شہریوں کا تحفظ،جدیدپینک بٹن سسٹم متعارف
پینک بٹن فعال ہوتے ہی متاثرہ شخص کی معلومات سیف سٹی کو موصول ہونگی
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے غیر ملکی شہریوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری امداد کی فراہمی کے لیے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے تعاون سے جدیدپینک بٹن سسٹم متعارف کرا دیا ہے ۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے \"محفوظ پنجاب\" وژن کے تحت کیا گیا ہے ۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق پنجاب بھر میں غیر ملکی شہریوں کی رہائش گاہوں اور کام کرنے کی جگہوں پر پینک بٹن نصب کیے جائیں گے ۔ ہنگامی صورتحال میں صرف کیوآر کوڈ سکین کرتے ہی صارف کو 15 ایمرجنسی، لائیو چیٹ، ویڈیو کال اور لوکیشن شیئرنگ جیسی سہولیات فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ پینک بٹن فعال ہوتے ہی متاثرہ شخص کی لائیو لوکیشن اور دیگر ضروری معلومات فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہو جائیں گی، جس کے بعد پولیس اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فوری کارروائی کے لیے متحرک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جدیدپینک بٹن سسٹم غیر ملکی شہریوں، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے درمیان فوری اور مؤثر رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگا، جبکہ پنجاب بھر کے سمارٹ سیف سٹی کنٹرول رومز کو بھی اس نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments