صوبہ بھر میں آٹے کی وافر فراہمی جاری ہے :محکمہ فوڈ پنجاب
مارکیٹ میں 10اور 20کلو آٹے کے تھیلوں کی کمی یا قلت کا تاثر غلط ، ترجمان
لاہور (آن لائن) ترجمان محکمہ فوڈ پنجاب نے کہا ہے کہ ضلع لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں آٹے کی فراہمی مکمل طور پر وافر، بلاتعطل اور باقاعدگی سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ مانیٹرنگ اور فلور ملز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے جس کے ذریعے اوپن مارکیٹ میں 10کلو اور 20کلو پیکنگ کے آٹے کے تھیلوں کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنا رہا ہے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ 20 جولائی کو صوبہ بھر کی اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کے تقریباً 6 لاکھ سے زائد تھیلے فراہم کیے گئے ۔ لاہور کی اوپن مارکیٹ میں 10کلو کے 1,49,033 تھیلے فراہم کیے گئے جبکہ راولپنڈی کی اوپن مارکیٹ میں 10کلو کے 1,19,544 تھیلے فراہم کیے گئے ۔ترجمان نے کہا کہ مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کو مستحکم اور برقرار رکھنے کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے 20 ارب روپے کی بھاری سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے ، جس کے تحت 3,800 روپے فی من کے حساب سے گندم فلور ملز کو فراہم کی جا رہی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ مارکیٹ میں 10اور 20کلو آٹے کے تھیلوں کی کمی یا شارٹیج کے تأثر کو حقائق کے برعکس اور باطل قرار دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments