بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر سینکڑوں گاڑیوں کی منتقلی کا انکشاف
ایکسائز کے اے ڈی آر سکینڈل میں دو سال گزرنے کے باوجودکارروائی نہ ہوسکی
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب کے محکمہ ایکسائز کے اے ڈی آر سکینڈل میں دو سال گزرنے کے باوجود محکمانہ کارروائی منطقی انجام تک نہ پہنچ سکی۔ انکوائری میں بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر سینکڑوں گاڑیوں کی منتقلی کا انکشاف ہوا، جبکہ متعدد افسران اور انسپکٹرز کو ذمہ دار بھی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب کے اے ڈی آر سکینڈل پر دو سال گزرنے کے باوجود ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی مکمل نہ ہو سکی۔ذرائع کے مطابق سکینڈل میں نو سو گاڑیاں مالکان کی لازمی بائیومیٹرک تصدیق کے بغیر ٹرانسفر کیے جانے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد محکمہ ایکسائز نے باقاعدہ محکمانہ انکوائری شروع کی تھی۔ابتدائی انکوائری میں پانچ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز، یعنی ای ٹی اوز، اور آٹھ انسپکٹرز کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ تاہم انکوائری مکمل ہونے کے باوجود دو سال بعد بھی ان کے خلاف حتمی محکمانہ کارروائی نہیں ہو سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ متعلقہ حکام کو موصول ہو چکی ہے ، لیکن ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی تاحال زیر التوا ہے ۔دوسری جانب محکمہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ موصول ہو چکی ہے اور اس کی روشنی میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کن محکمانہ کارروائی جلد عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments