رواں سال: 4ہزار ملزم گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
تعلیمی اداروں کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے رواں سال کے دوران 4,032ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کے قبضے سے 1,426 کلو گرام چرس، 412 کلو گرام آئس، 90 کلو گرام ہیروئن، 333 کلو گرام بھنگ، 39 کلو گرام افیون اور 18 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کر کے قبضے میں لی گئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور منشیات کی خرید و فروخت کے ساتھ اس کی سپلائی چین کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، جنہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سی سی پی او نے تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنا لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، جبکہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف ہر سطح پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور پولیس شہر سے منشیات فروشوں کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments