صنعتی کارکنوں، اہل خانہ کیلئے ایف آرسی جمع کرانالازمی قرار
ایف آرسی کے بغیر کسی بھی گرانٹ کی درخواست پر کارروائی نہیں ہو گی:حکام
لاہور(خبر نگار )پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے صنعتی کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی اور فلاحی گرانٹس کے حصول کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی قرار دے دیا ہے ۔جاری ہدایات کے مطابق میٹرک، انٹرمیڈیٹ، گریجوایشن اور پوسٹ گریجوایشن کی تعلیمی گرانٹس کے لیے درخواست کے ساتھ ایف آرسی منسلک کرنا ضروری ہوگا۔ ڈیتھ گرانٹ، میرج گرانٹ اور دیگر فلاحی گرانٹس کے حصول کے لیے بھی ایف آرسی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مطابق جمع کرائے جانے والے ایف آرسی میں متعلقہ ملازم اور اس کے اہل خانہ کا اندراج ہونا ضروری ہے ۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ ایف آرسی کے بغیر کسی بھی گرانٹ کی درخواست پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔ورکرز ویلفیئر فنڈ نے صنعتی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت نادرا سے ایف آرسی حاصل کرکے دیگر مطلوبہ دستاویزات مکمل کریں تاکہ گرانٹس کے اجرا میں کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments