پرمٹ :نوجوانوں کے پاس ب فارم یا سمارٹ کارڈ ہونا ضروری
والدین یا قانونی سرپرست کی تحریری اجازت بھی لازمی ہوگی:چیئرمین پی آئی ٹی بی
لاہور(خبر نگار) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیرِ انتظام ای خدمت مراکز نے شہری سہولت کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے 16 سے 18 سال کی عمر کے اہل نوجوانوں کیلئے ڈرائیونگ پرمٹ کی درخواست کی سہولت فراہم کر دی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو محفوظ، ذمہ دارانہ اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کی جانب راغب کرنا ہے ۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے درخواست گزار کے پاس نادرا کا ب فارم یا سمارٹ کارڈ ہونا ضروری ہے ، جبکہ والدین یا قانونی سرپرست کی تحریری اجازت بھی لازمی ہوگی۔ مزید برآں امیدوار کو ٹریفک اشاروں سے متعلق تحریری امتحان اور عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ کامیابی سے پاس کرنا ہوگا۔ تمام مقررہ شرائط پوری کرنے اور دونوں امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد جاری کیا جانے والا نوجوان ڈرائیونگ پرمٹ 125cc تک کی موٹر سائیکل، سکوٹر اور ای بائیک چلانے کی اجازت فراہم کرے گا، جس سے نوجوان ٹریفک قوانین سے آگاہی کے ساتھ محفوظ انداز میں ڈرائیونگ کا آغاز کر سکیں گے ۔اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو جدید، محفوظ اور عوام دوست سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments