مون سون کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، کمشنر

مون سون کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، کمشنر

ہیڈ محمد والا، شیر شاہ، شجاع آباد،جلال پور پیروالا فلڈ بندوں کا دورہ،انتظامات کا جائزہ

ملتان، سکندرآباد (وقائع نگار خصوصی، نامہ نگار) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع ملتان کے مختلف فلڈ بندوں کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات، جاری ترقیاتی کاموں اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہیڈ محمد والا، شیر شاہ، شجاع آباد، جلال پور پیر والا فلڈ بند اور دیگر حساس مقامات کا معائنہ بھی کیا۔کمشنر نے دریائی بیلٹ اور حفاظتی بندوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے شیر شاہ ریلوے برج سے متعلق مسائل کے مستقل حل کے لئے ڈپٹی کمشنر کو ریلوے حکام سے فوری رابطے کی ہدایت بھی کی اور واضح کیا کہ مون سون کے دوران حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیڈ محمد والا فلڈ بند منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ، جبکہ جلال پور پیر والا کا سات کلومیٹر طویل فلڈ بند مکمل ہو چکا ہے ۔ ہیڈ نوراجہ بھٹہ فلڈ بند پر بھی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، جسے اگست میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دریائی علاقوں کی آبادی کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کر لیا گیا ہے اور ممکنہ انخلا کا جامع منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے ، جبکہ حساس مقامات پر مشینری، عملہ اور حفاظتی سامان الرٹ رکھا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے بتایا کہ دریائے چناب میں سیلابی ریلے کی شدت میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور ہیڈ محمد والا پر پانی کا بہاؤ کم ہو کر 80 ہزار کیوسک رہ گیا ہے ۔ ان کے مطابق فی الحال ہائی فلڈ کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سیلاب سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...