گورنر کا ایل ایل بی طلبہ کے نتائج جاری، ڈگری کی تکمیل یقینی بنانے کا حکم

گورنر کا ایل ایل بی طلبہ کے نتائج جاری، ڈگری کی تکمیل یقینی بنانے کا حکم

زکریا یونیورسٹی ایل ایل بی تین سالہ پروگرام کے متاثرہ طلبہ کی نظرثانی اپیل منظور، یونیورسٹی کو پارٹ ٹو کے روکے گئے نتائج فوری جاری کرنے کے احکامات دے دیئے گئے

ملتان (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) کے ایل ایل بی (تین سالہ) پروگرام کے متاثرہ طلباء کی نظرثانی اپیل منظور کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو پارٹ دوم کے روکے گئے نتائج فوری جاری کرنے اور طلباء کی قانون کی ڈگریوں کی تکمیل یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کی ہدایات پر چانسلر سیکرٹریٹ میں سماعت کے بعد جاری کیا گیا۔

متاثرہ طلباء سیشن 2016-19 اور 2017-20 کے دوران بی زیڈ یو سے ملحقہ مختلف لا کالجز میں زیر تعلیم تھے۔ انہوں نے ایل ایل بی پارٹ اول کامیابی سے پاس کیا اور پارٹ دوم کے امتحانات کے لئے فارم جمع کرائے، تاہم ایف آئی اے اور جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد بعض کالجز کے الحاق پر اعتراضات سامنے آنے پر یونیورسٹی نے امتحانات اور نتائج روک دیئے ۔

بعد ازاں طلباء نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں انہیں عبوری طور پر امتحان دینے کی اجازت ملی، تاہم یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے اپریل 2025ء میں انہیں ریلیف دینے سے انکار کر دیا، جس کے خلاف چانسلر کے پاس اپیل دائر کی گئی۔گورنر پنجاب نے  قرار دیا کہ سنڈیکیٹ نے طلباء کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دیئے بغیر فیصلہ کیا۔چانسلر نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ایکٹ 1975ء کی دفعہ 11-A کے تحت سنڈیکیٹ کا 7 فروری 2025ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ تمام درخواست گزار طلباء کے نتائج فوری جاری کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...