سیلاب : سکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش
متاثرہ علاقوں میں حالات معمول پر آنے تک تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں،پی ڈی ایم اے کی محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو باقاعدہ سفارشات ارسال کردی گئیں سکولوں کی بندش میں توسیع کا حتمی فیصلہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی منظوری ،باضابطہ نوٹیفکیشن سے نافذ العمل ہوگا، اساتذہ،طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر اقدامات کئے جائینگے
ملتان (خصوصی رپورٹر)مون سون بارشیں اور سیلابی صورتحال: پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کی بندش میں توسیع کی سفارش تفصیل کے مطابق پنجاب میں جاری مون سون بارشوں اور مختلف اضلاع میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید توسیع کی سفارش کر دی ہے۔
اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو باقاعدہ سفارشات ارسال کر دی گئی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حالات معمول پر آنے تک تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں تاکہ طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے نے اپنی سفارش میں تجویز دی ہے کہ سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں 24 اگست کو بھی سرکاری و نجی سکول نہ کھولے جائیں۔ تاہم سکولوں کی بندش میں توسیع کا حتمی فیصلہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی منظوری اور باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد ہی نافذ العمل ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے متعدد اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں سڑکوں، رابطہ پلوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے ۔ متعدد سرکاری سکولوں کی عمارتوں میں بھی پانی داخل ہونے اور عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیوں کی فوری بحالی کو خطرناک قرار دیا جا رہا ہے ۔پی ڈی ایم اے نے کہا ہے سکول کھولنے سے قبل ہر تعلیمی ادارے کی عمارت، بجلی کے نظام، پینے کے پانی، بیت الخلاؤں اور دیگر بنیادی سہولیات کا مکمل جائزہ لیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments