جنگلی کبوتروں کا غیر قانونی شکار ،سینکڑوں پرندے بازیاب
ملزم گرفتار ، نٹنگ گئر ضبط، زرد ممولے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے
لاہور(آن لائن)جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے وائلڈ لائف رینجرز نے جنگلی کبوتروں کی غیر قانونی نیٹنگ اور نایاب پرندوں کی غیر قانونی تجارت کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں سینکڑوں زرد ممولے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے گئے ۔ ترجمان کے مطابق لاہور میں کارروائی کے دوران جنگلی کبوتروں کی غیر قانونی نٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے نٹنگ گئر اور متعدد جنگلی کبوتر برآمد کر لیے گئے ، جبکہ اسکے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔دوسری کارروائی میں زرد ممولوں کی غیر قانونی تجارت کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی تجارت میں ملوث ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم وائلڈ لائف ٹیم نے سینکڑوں زرد ممولے تحویل میں لے کر انہیں قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونیوالے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔وائلڈ لائف حکام نے واضح کیا کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار، نٹنگ اور تجارت قانوناً جرم ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments