رواں سال بجلی چوری میں ملوث 12ہزار افراد کی گرفتاری
شہر کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے 10ہزار 867مقدمات درج
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال مختلف کارروائیوں میں بجلی چوری میں ملوث 12 ہزار 172افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے 10 ہزار 867 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بجلی چوری کے خلاف پولیس اور لیسکو کی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے دوران بجلی کے میٹرز میں ٹمپرنگ، کنڈے اور بجلی چوری کے دیگر ذرائع استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔ بجلی چوری میں سہولت کاری کرنے والے عناصر بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔سی سی پی او لاہور نے مزید ہدایت کی کہ بجلی چوری کے لیے استعمال ہونے والی ڈیوائسز تیار کرنے والے افراد کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments