ستھرا پنجاب صفائی مہم کی کڑی مانیٹرنگ کا فیصلہ
کنٹریکٹرز کو کارکردگی بہتر بنانے کا الٹی میٹم، آئندہ دو ہفتوں میں نمایاں بہتری کی ہدایت
ملتان( وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم کو مؤثر بنانے اور شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ نے کڑی مانیٹرنگ اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے زیرو ویسٹ ہر صورت یقینی بنایا جائے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ستھرا پنجاب ایجنسی کے کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عثمان اکرم نے شہر میں جاری صفائی آپریشن اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رشد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر سمیت ضلعی حکام اور کمپنی انتظامیہ نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے کنٹریکٹرز کو کارکردگی بہتر بنانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران صفائی کے معیار میں نمایاں بہتری لائی جائے اور ضرورت کے مطابق اضافی مشینری و افرادی قوت سسٹم میں شامل کی جائے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کارکردگی بہتر نہ بنانے والے کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے بازاروں اور کمرشل مقامات پر پیلے ڈسٹ بن اور کنٹینرز رکھنے کی ہدایت بھی کی تاکہ کچرے کو مناسب انداز میں جمع اور منتقل کیا جاسکے ۔ فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلع ملتان میں غیر قانونی پٹرول پمپ یونٹس اور ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ گزشتہ روز کارروائی کے دوران 4 غیر قانونی یونٹس قبضے میں لے لئے گئے جبکہ 2 یونٹس سیل کر دیئے گئے ۔ اس کے علاوہ 3 ایل پی جی ڈیکنٹنگ مشینیں بھی قبضے میں لے لی گئیں جبکہ 2 مقدمات درج کر دیئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی پٹرول پمپ یونٹس اور ایل پی جی ڈیکنٹنگ کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی ۔
۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments