ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی مارکیٹ کا حجم 17ارب ڈالر
عالمی نمائش مقامی صنعت کے لیے تقویت کا باعث بنے گی، اعجاز الرحمان
لاہور(آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرپرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی مارکیٹ کا حجم 17 ارب ڈالر سے زیادہ ہے ، حکومتی معاونت اور موثر حکمت عملی کے ذریعے پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ مزید بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہو نے والی 42ویں عالمی نمائش میں مختلف ممالک سے بڑے درآمد کنندگان کی شرکت اور برآمدی معاہدے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مقامی صنعت کے لیے تقویت کا باعث بنے گی۔
اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کو چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے عالمی نمائش کے انعقاد کا تجربہ حاصل ہے اور ایسوسی ایشن اسے ایک باقاعدہ، فعال اور صنعت دوست پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں سٹالز، ڈسپلے ایریاز اور نمائش ہالز کے لیے فلورنگ سمیت اعلی معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں سے مزین قالینوں کی وسیع رینج دستیاب ہو گی۔
اعجاز الرحمان نے کہا کہ عالمی نمائش کا بنیادی مقصد ہاتھ سے بنے قالینوں کی تیاری سے وابستہ شعبوں کے تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، جدید معلومات اور تجربات کے تبادلے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور ملکی و غیر ملکی کاروباری روابط کو فروغ دینا ہے ۔ نمائش کے ذریعے پاکستانی قالین سازوں اور برآمد کنندگان کو نئی منڈیوں تک رسائی، نئے کاروباری روابط، بی ٹو بی ملاقاتوں اور منافع بخش کاروباری مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments