سکولوں میں سکیورٹی،پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانیکاحکم
ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے شہری کی درخواست پر سماعت کی
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سکولوں میں بچوں کی سکیورٹی کے لیے بنائی گئی حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے درخواست سیکرٹری سکولز پنجاب کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق سکیورٹی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے شہری عبداللہ عثمان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے رانا سکندر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ درخواست میں صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے سکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کی سکیورٹی کے لیے پالیسی مرتب کی ہے ۔وکیل کے مطابق پالیسی کے تحت طلبہ و طالبات کو پینک بٹن فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم پالیسی پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ تعلیمی اداروں کے سٹاف کی سکیورٹی ویریفی کیشن بھی تاحال مکمل نہیں کی گئی، جس کے باعث بچوں کی سکیورٹی کو خدشات لاحق ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments