کالجز کے پرنسپلز کی ہوم سٹیشن سے باہر امتحانی ڈیوٹی پر پابندی
تمام ڈائریکٹرز کالجز کو پرنسپلز کی امتحانی ڈیوٹی سے متعلق ہدایات جاری
لاہور(خبر نگار)سرکاری کالجز کے پرنسپلز کو ہوم سٹیشن سے باہر امتحانی یا پریکٹیکل ڈیوٹی تفویض کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کالجز پنجاب نے صوبے کے تمام ڈائریکٹرز ایجوکیشن کالجز کو پرنسپلز کی امتحانی ڈیوٹی سے متعلق ہدایات جاری کردیں۔سرکاری کالجز کے پرنسپلز کو ایسی کوئی امتحانی یا پریکٹیکل ڈیوٹی تفویض نہ کی جائے جس کے لیے انہیں اپنا ہوم سٹیشن چھوڑنا پڑے ۔ پرنسپلز اپنے کالجز میں ریزیڈنس انسپکٹر کی لازمی ڈیوٹی انجام دینے کے باعث ہوم اسٹیشن سے باہر نہیں جاسکیں گے ۔ڈی پی آئی کالجز پنجاب کی جانب سے ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرنسپلز کو ہوم اسٹیشن سے باہر امتحانی یا پریکٹیکل ڈیوٹی کے لیے نامزد نہ کیا جائے ۔ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی پرنسپل کو ہوم سٹیشن سے باہر امتحانی ڈیوٹی تفویض کردی جائے تو متعلقہ بورڈ یا یونیورسٹی کو فوری طور پر اس معاملے سے آگاہ کیا جائے ۔ کالج کے انتظامی اور تعلیمی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے پرنسپل کی ادارے میں مسلسل موجودگی ضروری ہے ، اس لیے انہیں ہوم سٹیشن سے باہر ڈیوٹی پر بھیجنے سے گریز کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments