پولیس وردی اعزاز کیساتھ عظیم ذمہ داری بھی ہے ، آئی جی
133ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ، 1018 ریکروٹس کی تربیت ، تعریفی اسناد تقسیم شہریوں سے عزت، تحمل سے پیش آنا اہلکار کی ذمہ داری ہے ، جاوید عالم اوڈھو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں 133 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد پہنچنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی ٹریننگ اور پرنسپل شاہد حیات ٹریننگ کالج سعیدآباد نے آئی جی سندھ کا پرتپاک استقبال کیا۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 1018 ریکروٹس نے اپنی ٹریننگ مکمل کی، آئی جی سندھ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس کو پولیس فورس میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔تربیت یافتہ ریکروٹس نے پریڈ میں شاندار نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، آئی جی سندھ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔پرنسپل شاہد حیات ٹریننگ کالج علینہ راجپر نے سپاس نامہ پیش کیا اور آئی جی سندھ کو پولیس ٹریننگ کالج کی کارکردگی اور تربیتی امور سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پرجاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ آج پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے محنت، نظم و ضبط اور عزم کی شاندار مثال قائم کی، پولیس کی وردی صرف اعزاز نہیں بلکہ عظیم ذمہ داری بھی ہے ، پولیس اہلکار عوام کی جان و مال اور عزت کے محافظ ہیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ امن و امان کا قیام، قانون کی بالادستی اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ، شہریوں سے عزت، تحمل، شائستگی اور غیرجانبداری سے پیش آنا پولیس اہلکار کی ذمہ داری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments