بلیو اکانومی کا فروغ معاشی ترقی کیلئے ناگزیر، گورنر سندھ
صوبائی وزیرعلی ملکانی سے ملاقات، ساحلی سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال ماہی گیروں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری،نہال ہاشمی
کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ کے ساحلی اور سمندری وسائل صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے موثر، ذمہ دارانہ اور پائیدار استعمال کیلئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر رابطے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، سمندری وسائل کے موثر استعمال، ایکوا اسپورٹس، بلیو اکانومی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ساحلی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر نے کہا کہ بلیو اکانومی جدید دور میں معاشی ترقی کا ایک اہم شعبہ بن چکی ہے ، سندھ کے طویل ساحلی خطے اور وسیع سمندری وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، نجی سرمایہ کاری اور موثر منصوبہ بندی کے ذریعے معاشی ترقی کیلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں ماہی گیری، سمندری تجارت، ایکوا اسپورٹس اور ساحلی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، حکومت ماہی گیری سے وابستہ افراد کو جدید سہولیات اور جدید طریقہ کار فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں گورنر سے کریسنٹ آرٹ گیلری کے وفد نے ملاقات کی جس میں آرٹ کے فروغ، پاکستانی فنکاروں کے فن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور آئندہ آرٹ نمائشوں کے انعقاد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments