3سکیموں کیلئے قائم ماڈل ڈائریکٹوریٹ میں انتظامی بحران

3سکیموں کیلئے قائم ماڈل ڈائریکٹوریٹ میں انتظامی بحران

منصوبہ مکمل طور پر فعال ہونے سے قبل ہی مطلوبہ افرادی قوت کی کمی کا شکار

لاہور( سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے نے ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال سکیموں کے رہائشیوں کی سہولت کے لیے ماڈل ڈائریکٹوریٹ قائم کیا تھا، جہاں ٹاؤن پلاننگ، ہاؤسنگ، لینڈ ایکوزیشن، واسا، ٹیپا اور ٹریفک سائنز سے متعلق سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔مقصد واضح تھا، شہریوں کو مختلف دفاتر جانے کے بجائے ایک ہی جگہ پر متعلقہ خدمات کی فراہمی، وقت اور وسائل کی بچت اور دفتری کارروائی کو آسان بنانا۔تاہم منصوبہ مکمل طور پر فعال ہونے سے قبل ہی مطلوبہ افرادی قوت کی کمی کا شکار ہو گیا۔نتیجتاً ایونیو ون، موہلنوال اور جوبلی ٹاؤن کے رہائشی آج بھی نقشوں، تعمیراتی اجازتوں اور دیگر معاملات کے لیے فائلیں لے کر مرکزی ٹاؤن پلاننگ دفتر جانے پر مجبور ہیں۔علاقوں میں سیوریج نظام کے مسائل بھی بڑھنے لگے ہیں، جبکہ سیوریج لائنوں اور گٹروں کی صفائی کے لیے ماڈل ڈائریکٹوریٹ میں مؤثر انتظام موجود نہیں۔سالڈ ویسٹ کی بروقت صفائی اور اسے ٹھکانے لگانے کے لیے بھی کوئی مربوط میکانزم قائم نہ ہو سکا۔یوں شہری سہولت کیلئے بنایا گیا ماڈل ڈائریکٹوریٹ اپنی بنیادی افادیت حاصل کرنے سے پہلے ہی عملے اور انتظامی سہولیات کی کمی کا شکار ہو کر رہ گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...