ہاؤسنگ سکیموں میں ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن تاخیر کاشکار
ڈیڈ لائنز کے باوجودڈیجیٹلائزیشن نہ ہوئی ، 30 ہزار فائلوں کی سفٹنگ باقی ، مسنگ فائلوں کے باعث ہزاروں پلاٹوں کے انتقال اور قبضے کی کارروائیاں بھی رکی ہوئیںشہریوں کو پلاٹوں کے معاملات مکمل کرانے کیلئے مشکلات،ریکارڈ سفٹنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یکم جولائی تک سفٹنگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا :انتظامیہ
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )گرین سرٹیفکیٹ کے اجرا میں ایل ڈی اے کو ریکارڈ کی سفٹنگ مکمل نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ۔ایل ڈی اے کی ہاؤسنگ سکیموں کی ایک لاکھ ساٹھ ہزار فائلوں میں سے اب تک ایک لاکھ تیس ہزار فائلوں کی ہی سفٹنگ ہو سکی۔ تیس ہزار فائلیں تاحال سفٹنگ کے مرحلے میں ہیں، جبکہ مسنگ فائلوں کے باعث ہزاروں پلاٹوں کے انتقال اور قبضے کی کارروائیاں بھی رکی ہوئی ہیں۔ریکارڈ کی سفٹنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے متعدد ڈیڈ لائنز گزرنے کے باوجود عمل مکمل نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے زیر انتظام ہاؤسنگ سکیموں کا ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا منصوبہ تاخیر کا شکار،ریکارڈ کی سفٹنگ کے لیے اپریل دو ہزار پچیس میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس وقت ایل ڈی اے کی مجموعی ایک لاکھ ساٹھ ہزار فائلوں میں سے پچاسی ہزار فائلیں سفٹ ہو چکی تھیں۔باقی ریکارڈ کی سفٹنگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود سفٹ شدہ فائلوں کی تعداد ایک لاکھ تیس ہزار تک ہی پہنچ سکی۔ یوں اب بھی تقریباً تیس ہزار فائلوں کی سفٹنگ مکمل ہونا باقی ہے ۔
مسنگ فائلوں اور انوینٹری سے باہر موجود ریکارڈ کی سفٹنگ کے لیے پی ایل آر اے نے تھرڈ پارٹی سے ہیومن ریسورس اور ضروری سامان کے حصول کے لیے اظہار دلچسپی بھی طلب کیا ہے ۔ریکارڈ سفٹنگ کے لیے پی ایل آر اے کی جانب سے پلس سسٹم کے ذریعے کام آگے بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا، تاہم یہ عمل بھی مطلوبہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ایل ڈی اے گورننگ باڈی پہلے ہی ریکارڈ سفٹنگ کا کام پی ایل آر اے سے کرانے کی باقاعدہ منظوری دے چکی ہے ۔مسنگ فائلوں کے باعث تیس ہزار سے زائد پلاٹوں پر انتقال اور قبضے کی کارروائیاں بھی متاثر ہیں۔شہریوں کو اپنے پلاٹوں کے معاملات مکمل کرانے کے لیے انتظار اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ایل ڈی اے کی جانب سے ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ماضی میں متعدد ڈیڈ لائنز مقرر کی گئیں، تاہم مقررہ اہداف حاصل نہ ہو سکے ۔ایل ڈی اے انتظامیہ کے مطابق ریکارڈ سفٹنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یکم جولائی تک سفٹنگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments