ڈینگی کے خطرات برقرار، 30 ہزار سے زائد ہاٹ سپاٹس

ڈینگی کے خطرات برقرار، 30 ہزار سے زائد ہاٹ سپاٹس

سب سے زیادہ ہاٹ سپاٹ سمن آباد ٹاؤن، داتا ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں موجود ، شہر میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 40تک پہنچ گئی شہرمیں کورونا کے مختلف ویرینٹس، انفلوائنزا ،فلو وائرس کی گردش بھی جاری ،6 بڑیہسپتالوں میں 4ہزارمریض رپورٹ،مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنیکی ہدایت

لاہور (ہیلتھ رپورٹر )لاہور میں ڈینگی کے خطرات برقرار، 30ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی موجودگی کا انکشاف ،سب سے زیادہ ہاٹ سپاٹ سمن آباد ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں موجود ہیں۔ شہر میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی جبکہ پنجاب بھر میں کنفرم مریضوں کی تعداد 179 ہوگئی۔ رواں سال ڈینگی وائرس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر مکمل فوکس کیا جا رہا ہے۔ شہری انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر عمل کریں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیگی۔

گلی محلوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور نکاسی آب یقینی بنائیں جس گھر سے بھی ڈینگی لاروا برآمد ہوگا وہاں ریڈ سٹیکر لگایا جائے گا۔دریں اثنا لاہور میں کورونا کے مختلف ویرینٹس، انفلوائنزا اور فلو وائرس کی گردش بھی جاری ہے، شہری فلو اور چیسٹ انفیکشن جیسی علامات میں مبتلا ہونے لگے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 4 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔ میو ہسپتال میں ایک ہزار سے زائد مریض فلو اور کورونا جیسی علامات کے ساتھ رپورٹ ہوئے ، جناح ہسپتال میں 900اور سروسز ہسپتال میں 800 سے زائد مریض سامنے آئے۔ لاہور جنرل ہسپتال، گنگا رام اور چلڈرن ہسپتال میں بھی سیکڑوں مریض رپورٹ ہوئے۔

شہریوں میں بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم میں درد کی شکایات عام ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق کورونا اور فلو کی علامات میں مماثلت سے صرف علامات کی بنیاد پر حتمی تشخیص مشکل ہے۔ فلو جیسی علامات والے مریضوں میں کورونا کی تشخیص کیلئے ریپڈ ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے جس میں کورونا کے مثبت کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کے موجودہ ویرینٹس پہلے کی نسبت کم شدت والے ہو سکتے ہیں تاہم علامات کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔ کورونا، فلو اور سموگ سانس کی بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔ شہری فلو کی علامات ظاہر ہونے پر خود ساختہ ادویات لینے اورتشخیص کی بجائے مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...