’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کا مقصد بے زمینوں کو روزگار:رانا احمد عتیق

’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کا مقصد بے زمینوں کو روزگار:رانا احمد عتیق

بلدیہ ہال نارنگ میں تقریب ، مستحقین میں فی ایکڑ 50 ہزار روپے کے چیک تقسیم

نارنگ منڈی (نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب کی ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘سکیم کے تحت بلدیہ ہال نارنگ منڈی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الاٹ شدہ زرعی اراضی کے مستحق افراد میں فی ایکڑ 50 ہزار روپے کے حساب سے مالی گرانٹ کے پے آرڈرز تقسیم کیے گئے ، تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی و معاونِ خصوصی وزیراعظم پاکستان انجینئر رانا احمد عتیق انور تھے ۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چودھری محمد شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع مریدکے محمد فاروق ملک، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے ظہیر الدین بابر سمیت دیگر افسران اور زمینداران نے شرکت کی۔

اس موقع پر انجینئر رانا احمد عتیق انور نے مستحق افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے الاٹیوں کو دس سال کیلئے زرعی اراضی فراہم کی گئی ہے ، جس کا بنیادی مقصد بے زمین دیہی افراد کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الاٹی اپنی زمینوں کو آباد کریں جدید زرعی طریقے اپنائیں اور گندم سمیت دیگر فصلوں کی کاشت کے ذریعے اپنی آمدن میں اضافہ کریں۔ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مالی گرانٹ کو زمین کی تیاری گندم کی کاشت اور دیگر زرعی ضروریات کیلئے استعمال کیا جائے تاکہ اس سکیم کے ثمرات حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا زرعی شعبے کی ترقی اور دیہی آبادی کی معاشی خوشحالی ملکی ترقی کیلئے نہایت اہم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...