شہر میں مختلف مقامات سے27 بجلی چور پکڑے گئے، دو گرفتار

شہر میں مختلف مقامات سے27 بجلی چور پکڑے گئے، دو گرفتار

ڈائریکٹ سپلائی سے لاکھوں کی بجلی چوری پرکنکشن منقطع،ڈیٹیکشن بلز جاری ہونگے

لاہور(این این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوری کیخلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ سینٹرل سرکل کی رانا ٹاؤن سب ڈویژن اور ایسٹرن سرکل کے مختلف سرحدی علاقوں میں آپریشن کے دوران لاکھوں کی بجلی چوری میں ملوث افراد کو پکڑ لیا گیا جبکہ غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔لیسکو حکام کے مطابق ایسٹرن سرکل میں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے 27 افراد پکڑے گئے ، جن میں سے 2 کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری میں ملوث افراد میں 7 غیر رجسٹرڈ صارفین بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق گاؤں نت، ڈیال، ڈیرہ ججاں، ڈوگراں کلاں، ناروار اور ایچو گل میں کارروائیاں کی گئیں۔

واہگہ روڈ اور بلال کالونی سب ڈویژن کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے ہمراہ بھی آپریشن کیا گیا۔ایچو گل میں ڈائریکٹ ایل ٹی لائن سے بجلی چوری کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جو لیسکو کا 2 لاکھ روپے کا نادہندہ بھی نکلا۔ کارروائی کے دوران بجلی چوری میں استعمال ہونے والی کیبلز اور دیگر غیر قانونی سامان بھی ہٹا دیا گیا۔رانا ٹاؤن کے علاقوں میں کارروائی ایس ڈی او میاں حمزہ کی زیر نگرانی کی گئی جبکہ ایس ای سینٹرل سرکل ثنا اور ایکسین اقبال ٹاؤن احمد بلال بھی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔ایسٹرن سرکل میں آپریشن ایس ای عمر بلال کی زیر نگرانی کیا گیا۔لیسکو حکام کے مطابق بجلی چوری میں ملوث افراد کو ڈیٹیکشن بلز جاری کیے جائینگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...