نجی میڈیکل وڈینٹل کالجز میں داخلوں کا شیڈول جاری
آن لائن درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ،داخلے حکومتی پالیسی کے تحت ہونگے
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزنے پنجاب کے پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں تعلیمی سیشن 27-2026 کیلئے داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ داخلے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ایڈمیشن پالیسی کے مطابق مرکزی نظام کے تحت کیے جائینگے ۔ ایم بی بی ایس کیلئے آن لائن درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہوگی اورجمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ پہلی سلیکشن لسٹ 18 نومبر کو جاری ہوگی۔بی ڈی ایس داخلوں کیلئے آن لائن درخواستیں 18 دسمبر سے لی جائینگی،جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم جنوری ہوگی جبکہ پہلی سلیکشن لسٹ 13 جنوری 2027 کو جاری ہوگی۔ 34 نجی میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 4500 جبکہ 18 ڈینٹل کالجز میں بی ڈی ایس کی 1100 نشستیں دستیاب ہیں۔ ملک کے تمام صوبوں کے اہل امیدواروں کے علاوہ سمندر پار پاکستانی بھی مقررہ شرائط کے تحت درخواست دے سکیں گے ۔ میرٹ کا تعین میٹرک یا مساوی امتحان کے 10 فیصد، ایف ایس سی پری میڈیکل یا مساوی امتحان کے 40 فیصد اور MDCAT کے 50 فیصد نمبر کی بنیاد پر ہوگا۔ ایم بی بی ایس کیلئے MDCAT میں کم از کم 55 جبکہ بی ڈی ایس کیلئے 50 فیصد نمبرلینا لازمی ہوگا۔ ایف ایس سی پری میڈیکل یا مساوی امتحان میں کم از کم 60 فیصد نمبر بھی ضروری ہیں۔ فیس جمع کرانے اور کالجز میں جوائننگ کیلئے 3 دن کا وقت دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments