جی سی یو کا سکول آف میتھ میٹیکل سائنسز ممتاز مرکزتسلیم
یورپی میتھ میٹیکل سوسائٹی نے ریاضی کے فروغ پر4سال کیلئے اعزازسے نوازدیا
لاہور(خبر نگار)یورپی میتھ میٹیکل سوسائٹی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے عبدالسلام سکول آف میتھ میٹیکل سائنسز کو ریاضی کی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے ممتاز مرکز (ایمرجنگ ریجنل سینٹر آف ایکسی لینس)کے طور پر تسلیم کر لیا ۔ ادارے کو یہ بین الاقوامی اعزاز 2027سے 2030تک چار سال کیلئے دیا گیا ہے ۔یہ فیصلہ یورپی میتھ میٹیکل سوسائٹی کی کمیٹی برائے ترقی پذیر ممالک کے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اعزاز ریاضی کے ان اداروں کو دیا جاتا ہے جو تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہوں۔ عبدالسلام سکول 2011میں یہ اعزاز حاصل کرنیوالا دنیا کا پہلا ادارہ تھا۔وائس چانسلر جی سی یو پروفیسر ڈاکٹر عمر چودھری نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں کی گئی اصلاحات اور اقدامات سے ادارے نے 15سال بعد یہ اعزاز دوبارہ حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے سکول انچارج پروفیسر ڈاکٹر خرم شبیر اور انکی ٹیم کو مبارکباد دیتے اسے یونیورسٹی اور پاکستان کیلئے اہم کامیابی قرار دیا۔اس اعزاز کے تحت یورپی میتھ میٹیکل سوسائٹی کی جانب سے تحقیقی سرگرمیوں، غیر ملکی ماہرین کے لیکچرز اور یورپی اداروں میں تحقیقی دوروں کیلئے مالی معاونت کی جا سکتی ہے ۔واضح رہے کہ 2003 میں قائم ہونیوالے عبدالسلام سکول آف میتھ میٹیکل سائنسز سے ابتک ریاضی میں 200 سے زائد سکالرز پی ایچ ڈی کر چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments