تاجروں کی ڈیمانڈ ریلوے کا مزید مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ
جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف مقرر ،وفاقی وزیر کاحادثات کانوٹس
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں فریٹ آپریشنز میں توسیع، آمدن میں اضافے ، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور ادارہ جاتی احتساب کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔اجلاس میں تاجر برادری کی ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے کے مفاد میں مزید مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔فریٹ آمدن میں اضافے اور مال برداری کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے خانیوال میں ڈرائی پورٹ قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس اقدام سے کارگو کی ہینڈلنگ میں بہتری اور فریٹ کاروبار کے فروغ میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے مکینیکل وجوہات کے باعث پیش آنے والے ٹرین حادثات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار ٹرین ایگزامینرز کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا۔ مزید برآں پیداوار میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے سلیپر فیکٹریوں میں ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔وفاقی وزیر نے انجنوں اور مسافر کوچز کے پرزہ جات کی خریداری میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خریداری کے عمل میں حائل رکاوٹیں دور کرکے ضروری پرزہ جات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments