محکمہ صحت نے جینیاتی مریضوں کو دوا کی مفت فراہمی شروع کردی
ایس ایم اے میں مبتلا رجسٹرڈ 25 مریضوں کو 13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ریسڈیپلام سیرپ کی پہلی بوتل فراہم مریضوں میں 21 بچے اور 4 بالغ افراد شامل ،محکمہ صحت نے چار سالہ علاج کے لیے 26 کروڑ روپے مختص کردیے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں جینیاتی بیماری اسپائنل مسکولر ایٹروفی (ایس ایم اے ) میں مبتلا بچوں اور بالغ مریضوں کے لیے حکومت سندھ نے مہنگے ترین علاج کی مفت فراہمی کا عملی آغاز کردیا اور انمول پروگرام کے تحت رجسٹرڈ 25 مریضوں کو 13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ریسڈیپلام سیرپ کی پہلی بوتل فراہم کردی گئی ہے ، مریضوں میں 21 بچے اور 4 بالغ افراد شامل ہیں اور محکمہ صحت سندھ نے ان مریضوں کے چار سالہ علاج کے لیے 26 کروڑ روپے مختص کردیے ہیں۔ انمول پروگرام کے تحت ہر مریض کو سالانہ 24 بوتلیں فراہم کی جائیں گی، اس طرح چار سال کے دوران ایک مریض کو مجموعی طور پر 96 بوتلیں مفت فراہم کی جائیں گی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ریسڈیپلام سیرپ کی ایک بوتل کی قیمت 13 لاکھ روپے سے زائد ہے ، جس کے باعث اس بیماری کا علاج عام خاندانوں کی مالی استطاعت سے باہر ہے ، روش پاکستان کے تعاون سے دوا کی خریداری کے معاہدے کے تحت ایک بوتل خریدنے پر مزید تین بوتلیں مفت فراہم کی جائیں گی۔
اس طرح مریضوں کو علاج کے لیے درکار دوا کی فراہمی میں معاونت حاصل ہوگی۔حکومت سندھ نے انمول پروگرام کے تحت مریضوں کے علاج کے لیے 26 کروڑ روپے مختص کیے ہیں تاکہ مستحق مریضوں کو مہنگی دوا کے باعث علاج سے محروم نہ رہنا پڑے ، جناح اسپتال میں شروع کیا جانے والا یہ پروگرام اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ اس میں صرف کم عمر بچوں کو ہی نہیں بلکہ ایس ایم اے سے متاثرہ بالغ مریضوں کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ابتدائی مرحلے میں 25 مریضوں کی رجسٹریشن اور دوا کی فراہمی کے بعد اب مزید اہل مریضوں کی رجسٹریشن کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا، جو مریضوں کی بیماری، تشخیصی رپورٹس اور دیگر طبی دستاویزات کا جائزہ لے گا، ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تشخیص کی تصدیق اور مریض کی علاج کے لیے اہلیت کا تعین کرے گی، جس کے بعد اہل مریضوں کو جے پی ایم سی کے انمول پروگرام میں رجسٹر کرکے حکومت سندھ کے خرچ پر دوا فراہم کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments