وہاڑی ،جامع مسجد چوک سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا

وہاڑی ،جامع مسجد چوک سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا

نمازی پریشان،طالبات کو بھی مشکلات، گندا پانی بیماریوں کا سبب بننے لگا

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) وہاڑی کے نواحی چک نمبر 5 ڈبلیو بی میں جامع مسجد چوک سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گیا، جس کے باعث نمازیوں اور طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مسجد کے داخلی دروازے کے سامنے گندے پانی کا جوہڑ بننے سے نمازیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے جبکہ مسجد سے متصل گرلز ہائی سکول کی طالبات کو بھی سکول آنے جانے میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق چوک میں کافی عرصے سے سیوریج کا پانی کھڑا ہے ، جس کی نکاسی نہ ہونے کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔ گندا پانی نہ صرف نمازیوں اور طالبات کے لیے پریشانی کا باعث ہے بلکہ مچھروں کی افزائش کا سبب بھی بن رہا ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق مسلسل کھڑے پانی سے ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے ، جس سے مقامی آبادی کی صحت متاثر ہو سکتی ہے ۔مقامی نمبردار اور متعلقہ سیاسی شخصیات کی جانب سے مسئلے پر مؤثر توجہ نہ دیے جانے کے باعث مکینوں میں تشویش بڑھ رہی ہے ۔اس سلسلے میں اہل علاقہ مولانا جہانگیر سجاد، شفیق دکاندار، رانا عبدالرشید، چوہدری غلام مصطفیٰ اور دیگر نے محکمہ پبلک ہیلتھ، میونسپل کمیٹی، واسا اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ جامع مسجد چوک سے فوری طور پر گندے پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے اور مستقل بنیادوں پر سیوریج کا مسئلہ حل کیا جائے تاکہ نمازیوں، طالبات اور اہل علاقہ کو اس پریشانی سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...