کھٹارا سرکاری گاڑیاں سموگ پھیلانے لگیں

کھٹارا سرکاری گاڑیاں سموگ پھیلانے لگیں

دھواں چھوڑتی اور فنی نقائص کا شکار سرکاری گاڑیاں نہ صرف فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں بلکہ بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہیںمتعدد گاڑیوں کی طویل عرصے سے انسپکشن نہیں کروائی گئی اور نہ ہی ان کے پاس مطلوبہ فٹنس سرٹیفکیٹس موجود ،بلا روک ٹوک سڑکوں پر چلایا جا رہا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں کھٹارا سرکاری گاڑیاں حادثات اور سموگ پھیلانے کا سبب بننے لگیں، سرکاری محکموں کی غفلت نے شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈال دیں ۔مختلف سرکاری محکموں کی ناکارہ اور کھٹارا گاڑیاں شہریوں کے لیے خطرہ بن گئیں، دھواں چھوڑتی اور فنی نقائص کا شکار سرکاری گاڑیاں نہ صرف فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں بلکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد سرکاری گاڑیوں کی طویل عرصے سے باقاعدہ انسپکشن نہیں کروائی گئی اور نہ ہی ان کے پاس مطلوبہ فٹنس سرٹیفکیٹس موجود ہیں، اس کے باوجود انہیں بلا روک ٹوک سڑکوں پر چلایا جا رہا ہے ۔

ان گاڑیوں میں بالخصوص میونسپل اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کی کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں، ڈوزر، ٹریکٹرز، ٹرالیاں اور واٹر ٹینکرز سمیت دیگر بھاری مشینری شامل ہے ، جن کی خستہ حالی، دھواں چھوڑتے انجن اور فنی خرابیاں ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ ٹریفک حادثات کے خدشات بھی بڑھا رہی ہیں۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے بھی غیر موزوں اور ان فٹ سرکاری گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، مگر اس کے باوجود متعدد سرکاری محکموں کی گاڑیوں کا وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن اسٹیشن (VICS) سے لازمی معائنہ کروانے اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے عمل پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔ ایک طرف حکومت سموگ پر قابو پانے کے لیے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے تو دوسری طرف سرکاری محکموں کی اپنی دھواں چھوڑتی اور ناکارہ گاڑیاں ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر سوالیہ نشان بن رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...