عباسی اسپتال کے نئے بلاک کی او پی ڈی کا افتتاح
نئے بلاک میں خصوصی بچوں کے لیے علیحدہ انتظام کیا جائے گا، میئرشہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (آئی این پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں نئے تعمیر ہونے والے بلاک کی او پی ڈی کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر سٹی کونسل اراکین، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اور دیگر موجود تھے ۔میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا گیا ہے ، نئے بلاک کی او پی ڈی فعال ہونے سے مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی. سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلاک میں خصوصی بچوں کے لیے علیحدہ انتظام کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ کی مدد سے اسپتال میں خصوصی بچوں کے لیے علیحدہ بلاک بنایا جائے گا۔
ادویات کی فراہمی سے متعلق میئر نے کہا کہ جب عام مریض کو اسپتال سے ادویات نہیں ملتی تو پھر پروکیورمنٹ کرنے کا کیا فائدہ؟ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ادویات کی فراہمی کا مؤثر نظام نہیں بنتا، تب تک کوئی بھی پروکیورمنٹ نہیں کروں گا، اس معاملے کو مؤثر نظام کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ایک مبینہ معاملے کی انکوائری پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فوری ایکشن لیتے ہوئے چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران اہم شواہد سامنے آئے ہیں، گریڈ 18 کے سول افسر حنان بھٹو معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں، رپورٹ مکمل ہوتے ہی تفصیلات میڈیا سے شیئر کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments