سڑکوں کی بحالی، بی آر ٹی یلو لائن کا کام تیز کرنے کی ہدایت

سڑکوں کی بحالی، بی آر ٹی یلو لائن کا کام تیز کرنے کی ہدایت

تعمیراتی معیار برقرار رکھ کر عوامی سہولت کو ترجیح دی جائے :ڈپٹی کمشنر

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور سڑکوں کی بحالی، بی آر ٹی یلو لائن منصوبے اور شہری خوبصورتی کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، تعمیراتی معیار برقرار رکھا جائے اور عوامی سہولت کو ترجیح دی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شمسی چوک سے جی ٹی روڈ تک قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول روڈ کا معائنہ کیا، جہاں پی ڈی پی سیوریج سکیم کی تکمیل کے بعد سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے ایم ڈی واسا کو روڈ بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران تمام مقامات پر حفاظتی اقدامات اور معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے شیخوپورہ روڈ کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ سڑک کے اطراف تعمیر و مرمت کا کام معیاری انداز میں مکمل کیا جائے ، پیدل چلنے والوں کے لیے راستے بہتر بنائے جائیں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔خوبصورت گوجرانوالہ مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر نے ایگریکلچر بلڈنگ اور شمسی انڈر پاس کی تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی ایس سکول سے شاہین آباد تک بی آر ٹی یلو لائن گوجرانوالہ منصوبے کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور زیر تعمیر انڈر پاسز، رائٹ آف وے اور دیگر تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں تین شفٹوں میں دن رات جاری ہیں، جبکہ چندا قلعہ انڈر پاس کی بیس اور سب بیس کی تیاری سمیت رہوالی اور چندا قلعہ سے ایمن آباد تک انڈر پاسز اور سٹیشنز کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں بلاوجہ تاخیر سے گریز کیا جائے ، کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...