شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی،گورنر

شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی،گورنر

باہمی اختلافات کے بجائے ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں

کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ شہر کی ترقی کیلئے باہمی اختلافات کے بجائے ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی۔جمعہ کو گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں معروف مصنف خالد فاطمی کی کتاب ’’نامراد کراچی‘‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو ایک ایسا شہر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر ہم سب فخر کر سکیں،کراچی کی اصل خوبصورتی اس کا کثیرالثقافتی، کثیراللسانی تشخص اور باہمی ہم آہنگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سندھی، پٹھان، کچھی، پارسی، جوکھیو، پنجابی، اردو بولنے والے اور ہزارہ وال سمیت مختلف برادریاں آباد ہیں۔

کراچی کی بہتری اور ترقی کے لیے تمام برادریوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہر دور میں کتاب پڑھنے کا اپنا ایک الگ انداز اور تجربہ ہوتا ہے ،کتاب پڑھنے سے زبان کے خوبصورت استعمال، آرٹ اور زندگی سے قریب واقعات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر کی ترقی وہاں کے عوام اور ان کی اجتماعی کوششوں سے ممکن ہوتی ہے ،ہمیں دوسروں کے تجربات سے سیکھنے اور مثبت پہلوں سے فائدہ اٹھانے کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔ تقریب سے مصنف خالد فاطمی کے علاوہ اخلاق احمد، خادم حسین سومرو اور ذیشان الرب جعفری نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...