ڈویژن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز 3 کا آغاز، 2 ارب کی 231 سکیموں کی منظوری
ملتان کی 97،خانیوال کی 63،وہاڑی کی 47 ،لودھراں کی 24 سکیموں کی منظوری دی گئی ، تمام ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں، کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا:کمشنر
ملتان( وقائع نگار خصوصی )حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز 3 کا آغاز کردیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں ڈویژنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے بھی شرکت کی۔کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ سی ڈی پی فیز3 میں اس بار کھیلوں کے فروغ کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنرکو سکوائش کورٹ کی سکیم بنانے کی ہدایت کی ہے ۔جاری تمام ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں۔سکیموں کی تکمیل میں کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا پروگرام ہے ۔ اجلاس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز3 میں 2 ارب کی 231 سکیموں کی منظوری دی گی۔ان میں لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ، واسا، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،ہائی ویز کی سکیمیں شامل ہیں۔ملتان کی 97،خانیوال کی 63،وہاڑی کی 47 ،لودھراں کی 24 سکیموں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، ترقیاتی محکموں کے افسروں ،ویڈیو لنک پر ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔