جیل ہسپتال میں قیدیوں کو سہولیات دے رہے :ڈی سی

جیل ہسپتال میں قیدیوں کو سہولیات دے رہے :ڈی سی

گجرات (نامہ نگار )ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرزنز ہیلتھ کونسل کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں جیل ہسپتال کی سہولیات، قیدیوں کی صحت کی دیکھ بھال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی جائزہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جیل ہسپتال میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ڈینٹل چیئر اور ٹیسٹ کٹس کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کیلئے بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث قیدیوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی سیل قائم کئے جائیں گے ۔ قیدیوں کو جیل کے اندر ہی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اجلاس کے دوران مخیر حضرات کے تعاون سے جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی، جن کے تحت قیدیوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتال کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں