جنوبی پنجاب ، 85ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت

جنوبی پنجاب ، 85ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت

ملتان(وقائع نگار خصوصی )سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا۔

 اجلاس میں کپاس کی اگیتی کاشتہ فصل کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ پندھرواڑے کیلئے کاٹن ایڈوائزری مرتب کی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 85 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت ہوچکی ہے ،گزشتہ سال کی نسبت کپاس کی اگیتی کاشت میں اضافہ ہوا ہے ۔ حالیہ بارشوں و ژالہ باری سے 1250 ایکڑ پر کھڑی فصل کو 25 فیصد تک نقصان پہنچا ہے ۔ اس وقت بارشوں کے بعد کپاس کی اگیتی فصل میں جڑی بوٹیوں کی بہتات مشاہدہ میں آرہی ہے جن کا بروقت تدارک چیلنج ہے ۔ اس موقع پر زرعی ماہرین نے بتایا کہ جڑی بوٹیوں کی بہتات کی صورت میں کاشتکاروں کو چاہئے کہ گلائفو سیٹ رزسٹنٹ اقسام میں فوری طور پر جڑی بوٹی مار زہر سپرے کئے جائیں تاکہ جڑی بوٹیوں کا موثر کنٹرول ہوسکے ۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنا حکومت کا خوش آئند اقدام ہے جس سے نہ صرف کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ کپاس کی کاشت و پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں