میونسپل کارپوریشن، ناقص کارکردگی، 9افسر معطل

میونسپل کارپوریشن، ناقص کارکردگی،  9افسر معطل

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے میونسپل کارپوریشن کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 9 افسر معطل جبکہ 4کو اظہار وجوہ کے نوٹس کرد ئیے۔

کمشنر عامر خٹک نے سی او کارپوریشن چودھری فرمائش کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کر دیا۔نوٹس میں فرائض میں غفلت برتنے ، کارپوریشن کے انتظامی و مالی امور میں بے ضابطگیوں اور ڈسپلن کے فقدان اور ادارے کا شہریوں میں خراب امیج بارے سی او کارپوریشن سے جواب طلب کیا گیا ہے ۔ایم او ریگولیشن نعیم خالد، شوکت علی سندھو ،ایم او انفراسٹرکچر شوکت محمود کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا گیا۔نوٹس میں 3 روز میں قابل قبول جواب نا دینے والے افسر کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا انتباہ بھی دیدیا گیا ،علاوہ ازیں سپر نٹنڈ نٹ راؤ محمد رفیع، اسسٹنٹ لینڈ افسر محمد علی قمر،حامد خان ،اے ایل او علی حیدر، جاوید انور، سینئر کلرک منیر احمد کو معطل کردیا گیا ، جونئیر کلرک عرفان اسلم،راشد سون،لقمان شاہ کو بھی معطل کردیا گیا۔ کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز، بھانہ جات،تجاوزات کارپوریشن کی نالائقی ہے ۔انہوں نے غیر قانونی کمرشل عمارات کی بھرمار،سٹریٹ لائٹس کی خرابی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔اور میونسپل کارپوریشن کے زیر کنٹرول سرکاری پراپرٹی کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایت کا بروقت ازالہ نا ہونے پر شہریوں میں ادارے کا نام خراب ہورہا یے ۔عوام کا اعتماد اداروں پر بحال کرنے کیلئے کالی بھیڑوں کی سرکوبی ناگزیر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں