روٹی5،نان10روپے مہنگا،خودساختہ مہنگائی پر شہری سراپا احتجاج
ملتان (زینب گردیزی سے ) نان بائیوں کی جانب سے روٹی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ جبکہ نان بھی 5 سے 10 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے جس پر شہری غم و غصہ کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے میں تندور مالکان کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمت میں خود ساختہ طور پر 5 سے 10 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ پہلے سادہ روٹی 20 روپے میں مل رہی تھی اب نئی قیمت 25 روپے جبکہ خمیری روٹی بھی 25 سے 30 روپے پر آ گئی ہے جبکہ نان 35 روپے بعض مقامات پر 45 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جس پر شہریوں کی اکثریت کافی زیادہ پریشان ہے ۔ اس حوالے سے تنور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے تاہم حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں سبسڈی ملتے ہی روٹی اور نان کی قیمتیں بھی کم کر دی جائیں گی۔ دوسری جانب شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تنور مالکان کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے پر کارروائی کی جائے اور انکو ریلیف دیا جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی فراہم کر سکیں۔