کچے میں2بیس کیمپ،12پل بنانے کا فیصلہ
ملتان ( نعمان خان بابر سے )ایڈیشنل آئی جی مقصود الحسن نے روزنامہ دنیا سے گفتگو میں کہا کہ کچے کے علاقے میں دو بیس کیمپ بنا کر سو ، سو کی نفری تعینات کرنے کیساتھ 12 مختلف جگہوں پر پل بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی ، پولیس نے پلوں کی تعمیر کیلئے اکانوے کروڑ چالیس لاکھ کا پی سی ون حکومت کو بھجوا دیا ۔
کچے میں پلوں کی تعمیر سے پٹرولنگ میں مدد ملے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے بنا کر کچے کے مکینوں کو مفت تعلیم دیں گے جس سے شعور اجاگر کر کے کرائم کو کنٹرول کرنا بھی کافی حدتک آسان ہو جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رحیم یار خان اور راجن پور میں کچے کے علاقوں میں پولیس نے ڈکیتوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے تاہم مستقل بنیادوں پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس نے کچے کے علاقوں میں دو بیس کیمپ ، تعلیمی ادارے اور بارہ مختلف جگہوں پر بل بنانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اسی سلسلے میں پولیس حکام نے حکومت سے 91 کروڑ40 لاکھ روپے کا فنڈ مانگ لیا ہے ۔اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصو د الحسن نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ کچے میں وقتاََ فوقتاََ آپریشن سے ڈاکووں کی کمر توڑ دی گئی ہے تاہم علاقے میں مستقل امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے پٹرولنگ کرنا پڑی گی جس کیلئے کام کر رہے ہیں ۔مقصو دالحسن کا کہنا تھا کہ کچے میں ہنی ٹریپ زیادہ ہے اور سستی گاڑی کے چکر میں کچے کے علاقے میں پہنچنے پر رقوم چھین کر مار دینے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس کیلئے شہریوں میں آگاہی مہم شروع کر رہے ہیں تاکہ ہنی ٹریپ سے شہریوں کو بچایا جا سکے ۔