سکول سربراہان کی انتظامی وتدریسی تربیت کا منصوبہ تیار

ملتان (خصوصی رپورٹر)سکولوں میں انتظامی و تدریسی امور بہتر بنانے کے لیے سکول سربراہان کی تربیت کا منصوبہ۔
، برٹش کونسل کے انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے لیے جنوبی پنجاب کے 600 اسکولوں کا انتخاب، بہترین کارکردگی کے حامل 140 اساتذہ لیڈرشپ ایکسیلینس ایوارڈز کے لیے نامزد، تفصیلات کے مطابق سکولوں میں ایکسکلوسیو ایجوکیشن کے فروغ اور سکولوں میں انتظامی و تدریسی امور بہتر بنانے کے لیے برٹش کونسل کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور جنوبی پنجاب کے 1500 سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کو اسکول کنیکٹ: انسٹرکشنل لیڈر شپ پروگرام کے تحت ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ٹریننگ دینے کا اہتمام کیا گیا، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی معاونت و اشتراک سے ٹریننگ کے لیے جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع سے 600 سکولوں کا انتخاب کیا گیا جن میں ہر ضلع سے 40 گرلز اور 10 بوائز اسکول منتخب کیے گئے ، جہاں ایکسکلوسیو ایجوکیشن کی ضرورت تھی۔ اس سلسلے میں برٹش کونسل کی طرف سے انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دینے کے لیے ایک تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر تھے ، تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق سمیت محکمہ تعلیم کے حکام اور برٹش کونسل کے ایجوکیشنل پارٹنر موجود تھے ۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ اساتذہ کا جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی سکلز سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے تحت ہونے والی ٹریننگ سے اساتذہ مستقبل میں بہتر انداز سے اسکول و تدریسی عملے کی قیادت اور انتظامی امور سرانجام دے سکیں گے۔