احکامات کی خلاف ورزی پر ایس ڈی او مظفرگڑھ معطل

احکامات کی خلاف ورزی پر ایس ڈی او مظفرگڑھ معطل

ملتان (خصوصی رپورٹر)سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو سرکل مظفرگڑھ راجیش کمار راٹھی نے وزارت توانائی اور میپکو انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے اورمستقل نادہندگان کے کنکشنز منقطع ہونے کے باوجود بجلی کا استعمال ہونے پر ایس ڈی او مظفرگڑھ فرسٹ سب ڈویژن راشد محمود کو معطل کردیاہے۔

 اور پاکستان واپڈا ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت محکمانہ کاروائی کا آغاز کردیاہے ۔ مظفرگڑھ سرکل چیکنگ ٹیم کی جانب سے شہر میں مستقل نادہندگان کے کنکشنز کی از سرنو چیکنگ کی جس کے دوران 4کمرشل پراپرٹیزکے کنکشنز میٹر اُترنے اور بجلی سپلائی منقطع ہونے کے باوجود بجلی استعمال کی جارہی تھی۔ محمد ابوذر کے نام سے نصب میٹر عدم ادائیگی واجبات پر منقطع ہے اس کے باوجود فش شاپ پر بجلی کا استعمال جاری تھا۔ عتیق الرحمن کے نام سے نصب 7دوکانوں پر مشتمل کمرشل مارکیٹ کا کنکشن واجبات ادانہ کرنے پر منقطع ہے مارکیٹ میں ایک حمام میں بجلی کا بلاتعطل استعمال جاری تھا۔ محمد رمضا ن کے نام نصب میٹر واجب الادا رقم کے باعث اُتراہواہے لیکن کینٹین پر بجلی کا استعمال جاری تھا۔ محمد وسیم باری کو میٹر عدم ادائیگی واجبات پر منقطع ہونے کے باوجود دوسرے اکاؤنٹ نمبر /میٹر سے بجلی استعمال کی جارہی تھی۔ چاروں دوکانوں کے ذمہ بھاری واجبات ہیں جن کی عدم ادائیگی پر کنکشنز منقطع کئے گئے اور میٹرز اُتارے گئے لیکن موقع پر بجلی چلتی ہوئی پائی گئی۔ مذکورہ ایس ڈی او نے ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور نہ ہی کنکشنوں کی چیکنگ کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں