پٹڑیاں غائب ،کورٹ ادو،کشمور سیکشن ویران،متعدد رٹرینیں بند،مسافر خوار

پٹڑیاں غائب ،کورٹ ادو،کشمور سیکشن ویران،متعدد رٹرینیں بند،مسافر خوار

ملتان(شفقت بھٹہ)ٹرانسپورٹرز کی چاندی، ریلوے کوٹ ادو کشمور سیکشن ویران، پٹریاں غائب ہونے لگیں، کوٹ ادو سیکشن سے لے کر کشمور سیکشن تک ہر ماہ ریلوے اہلکاروں کو بغیر کسی ڈیوٹی کے چار کروڑ روپے کی تنخواہیں دی جارہی ہیں جس سے قومی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔

 کوٹ ادو کشمور سیکشن پر ڈیرہ غازی خان ریلوے سٹیشن، راجن پور، جام پور، محمد پور، کوٹ چٹھہ، بستی دوریش لاشاری اور دیگر ریلوے سٹیشن بھوت بنگلے بن چکے ہیں۔ اس سیکشن پر ماضی میں 4 ٹرینیں چلائی جاتی تھیں جو اب بند ہو چکی ہیں، ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں اس پورے سیکشن پر طویل عرصہ سے اب کوئی ٹرین نہیں چلتی، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے ہزاروں غریب مسافر ٹرین کی سفری سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، بذریعہ ریلوے بین الصوبائی رابطہ منقطع ہو چکا ہے ۔ شہری ٹرانسپورٹ مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔ علاوہ ازیں ریلوے کی اربوں روپے کی اراضی اور اثاثے لاوارث اور غیر محفوظ ہو چکے ہیں، قبضہ مافیا نے ریلوے کی اراضی اور عمارتوں پر قبضہ کر لیا ہے ، جبکہ ریلوے کی زمین پر کمرشل مارکیٹیں بن چکی ہیں۔ ریلوے کی رہائشی کالونیوں میں جرائم پیشہ اور منشیات فروش عناصر نے اپنے اڈے قائم کر رکھے ہیں جبکہ چھوٹے قصبوں کے متعدد ریلوے سٹیشنز اور ریلوے کالونیوں کا نام و نشان مٹ گیا ہے ، لوگ سٹیشنز کی عمارتوں کے دروازے کھڑکیاں اور اینٹیں تک اُکھاڑ کر لے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں