متروکہ وقف کی 150ارب کی اراضی پر مافیا قابض

متروکہ وقف کی 150ارب کی اراضی پر مافیا قابض

ملتان(شفقت بھٹہ)متروکہ وقف املاک بورڈ کی 150 ارب مالیت کی ایک لاکھ سے زائد ایکڑ اراضی پر مافیا قابض، سرکاری محکمہ اراضی واگزار کرانے میں ناکام ہو گیا۔

 محکمانہ ریکارڈ کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کی ایک لاکھ 9 ہزار 369 ایکڑ اراضی پر مافیا اور بعض سرکاری ادارے قابض ہیں جس کی قیمت تقریباً 150 ارب روپے بتائی جاتی ہے جس میں سے 85 ہزار 331 ایکڑ زمین پنجاب، 21 ہزار 735 ایکڑ زمین سندھ، 2 ہزار 301 ایکڑ زمین خیبرپختونخوا اور صرف 2 ایکڑ زمین بلوچستان میں ہے ۔ واضح رہے کہ تقسیم ہند کے نتیجے میں ہجرت کر کے بھارت جانے والے ہندوؤں اور سکھوں کی چھوڑی گئی املاک کی کل مالیت 2 کھرب 14 ارب ہے لیکن اس میں 75 ہزار 55 ایکڑ لیز زمین سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو ہر سال صرف ایک ارب 4 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے ۔ جس اراضی سے آمدنی حاصل ہوتی ہے اسے بھی اونے پونے داموں پر لیز پر دیا گیا۔ مبینہ طور پر بورڈ انتظامیہ اور ملازمین نے غیر قانونی لیز سے مالی فوائد بھی حاصل کیے ، پراپرٹیز کی کم ویلیو لگا کر اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے پاس شہروں میں 15 ہزار 619 پراپرٹیز ہیں۔ بورڈ کے پاس 19 پلازے ، ایک لاکھ 9 ہزار 956 ایکڑ زرعی اراضی ہے ۔ متروکہ وقف پراپرٹیز سے گزشتہ سال ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کرایہ آیا۔ وفاق کو پیش کئے جانے والے ریکارڈ کے مطابق پرائیویٹ اداروں اور افراد کے علاوہ بعض سرکاری ادارے بھی وقف املاک پر قابض ہیں۔ اسی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی 17 ہزار 592 ایکڑ اراضی قابض مافیا کے زیر کنٹرول ہے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ متروکہ اراضی پر قبضے ختم کرانے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں، اس سلسلہ میں جلد پیش رفت ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں