تونسہ بیراج کے مقام پردریا ئے سندھ میں کٹاؤسے تباہی
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)دریائے سندھ نے مقام تونسہ بیراج کے مقام پر کچے کے علاقوں میں تباہی مچادی، کٹاؤ میں شدت کے باعث متعدد مواضعات زیرآب آگئے۔
بیٹ فقیر والی،بیٹ نشان والا بیٹ سوائی سمیت کئی مواضعات میں قبرستان سکول اور کئی مساجدسمیت ہزاروں ایکڑپرتل اورگنا کی کھڑی فصلیں بھی دریابرد،چارہ کی فصلیں بھی مکمل طور پر تباہ،آبادی کو بھی خطرہ،کٹاؤ میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے ۔مقامی شہری ثاقب خان چانڈیہ نے کہا کہ کئی روزسے دریا کے کٹاؤ میں تیزی آگئی ہے اور دریا روزانہ کی بنیاد پر ایک سوسے زائد فٹ کا کٹاؤ کر رہا ہے جسکی وجہ سے ہزاروں ایکڑ رقبہ سمیت انکی فصلات دریا برد ہو گئی ہیں،روزانہ سینکڑوں ایکڑ اراضی دریا کی نظر ہو رہی ہے ،مذکورہ بیٹ کی نزدیکی رہائشی شدید دباؤ کا شکار ہیں،انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت انہیں پاکستا نی شہری نہیں سمجھتی،سیلاب کے دنوں میں بھی ان کا شدید نقصان ہوا تھا اب اس سے بھی زیادہ نقصان ہو رہا ہے ،کٹاؤ کی وجہ سے بھی نقل مکانی کرنے پرمجبور ہو گئے ہیں۔انہوں نے کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈی سی کوٹ ادوسیدمنورعباس بخاری، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادومحمداصغراقبال لغاری سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصان کے ازالہ کیا اورکٹاؤ روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔